اپنے گھر میں تبدیلیاں
آپ کے سوالات کے جوابات
کیا مجھے خود تعمیراتی تبدیلیاں لانے کی اجازت ھے؟
آپ اپنی مرضی کے مطابق تنصیبات کر سکتے ھیں بشرطیکہ اس سے ہماری املاک کو نقصان نہ پہنچے۔ اور نہ ہی آپ ہماری املاک میں سے کوئی چیز تبدیل کریں یا ہٹائیں۔ اگر آپ کوئی بہتری یا تبدیلی لانا چاھتے ھیں تو اس کے لئے آپ کو پہلے ہماری تحریری اجازت حاصل کرنی ھو گی۔ اس میں وہ تبدیلیاں بھی شامل ھیں جو آپ اپنے گھر کے اندرونی حصے میں لانا چاھتے ھیں (مثال کے طور پر شاور نصب کرنا یا بجلی کے زائد ساکث نصب کرنا)، عمارت کے باہری حصے کی آرائش و زیبائش، یا بیرونی حصے میں کسی شے کی تنصیب، مثلا سیٹلائیٹ ڈش وغیرہ۔ ملاحظہ کریں، آپ اپنے گھر میں کیا تبدیلیاں لا سکتے ھیں ۔
اگر آپ لگے ہوئے سامان یا نصب شدہ سامان کو ہٹائیں گے، یا بغیر اجازت کوئی تبدیلی لائیں گے تو ھو سکتا ھے کہ ہم آپ سے مطالبہ کریں کہ گھر چھوڑنے سے پہلے انہیں واپس لگوائیں یا گھر کو اس کی اصلی حالت میں واپس لے کر آئیں۔ ملاحظہ فرما ئیں، گھرخالی کرنا ۔
کیا مجھے اپنی تعمیراتی تبدیلیوں کے لئے کوئی معاوضہ مل سکتا ھے؟
بعض قسم کی تبدیلیوں کے لئے آپ کو معاوضہ مل سکتا ھے۔ یہ معاوضہ آپ کو صرف اپنی کرایہ داری کی مدت کے اختتام پر ہی مل سکتا ھے۔ ہم آپ کو ان تبدیلیوں کی فہرست مہیا کر سکتے ھیں جن کے لئے آپ کو معاوضہ مل سکتا ھے۔ ملاحظہ کریں، آپ کی لائی گئی تبدیلیوں کا معاوضہ ۔
اگرمیں جسمانی طور پر معذور ھو جاؤں تو میرے لئے کس قسم کی مدد دستیاب ھے؟
ہم آپ کی مدد کے لئے گھر کے اندر ضرورت کے مطابق تبدیلیاں لا سکتے ھیں۔ مثلا زینے کا جنگلا، غسل خانے میں تبدیلیاں وغیرہ۔ ملاحظہ کریں، امدادی خدمات ۔
ہمارا تبدیلی کا منصوبہ (امپروومنٹ پروگرام)
ہماری املاک پر بڑے پیمانے پر مرمت اور بہتری کا منصوبہ ہمیشہ چلتا رہتا ھے۔ یہ حکومت کے خوبصورت گھر منصوبے (ڈیسنٹ ہوم پروگرام) کا حصہ ھے۔ ملاحظہ کریں، اچھے گھروں کا معیار ۔
آپ کے گھر میں کوئی بھی کام کرنے سے پہلے، جیسا کے نئی کھڑکیاں، چھت یا ہیٹنگ کا انتظام وغیرہ، ہم آپ سے قبل از وقت مشورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ آپ خود بھی ہم سے دریافت کر سکتے ھیں کہ ہم آپ کے علاقے کے لئے کیا منصوبہ بندی کر رھے ھیں۔
آپ اپنے گھر میں کیا تبدیلیاں لا سکتے ھیں
آپ اپنے گھر کو بہتر بنانے کے لئے کئی تبدیلیاں لا سکتے ھیں۔ آپ کو چاہیے کہ پہلے اپنے منصوبے کے بارے میں ہم سے بات چیت کریں اور پھر ان کی تفصیلات نیبرہڈ آفس کو تحریر کریں۔ ہم ایک ماہ کے اندر آپ کو اس کا تحریری جواب دیں گے۔
آپ کو اجازت ملنے سے پہلے تعمیری کام شروع نہیں کرنا چاہیے۔ اگر ہم آپ کو اجازت نہیں دیتے تو ہم آپ کو اس کا جواز بتائیں گے۔ ملاحظہ کریں، منصوبہ بندی کی اجازت ۔
اکر آپ اس سلسلے میں رہنمائی حاصل کرنا چاھتے ھیں کہ وہ کون سے کام ھیں جو آپ بغیر ابازت جاصل کئے کر سکتے ھیں، تو آپ اپنے نیبرہڈ آفس سے معلوماتی پرچہ حاصل کر سکتے ھیں۔
آپ کی لائی گئی تبدیلیوں کا معاوضہ
اپنی کرایہ داری کی مدت کے اختتام پر، آپ بعض تعمیری تبدیلیوں کے لئے معاوضہ حاصل کر سکتے ھیں۔ ملاحظہ کریں، کرایہ دار کے حقوق ۔ ہم آپ کو ان کی ایک فہرست مہیا کر سکتے ھیں۔
معاوضہ صرف اس صورت میں ادا ھو سکتا ھے جب آپ اپنا گھر چھوڑ دیں گے۔ ادا کی جانے والی رقم اس بنیاد پر دی جائے گی کہ تعمیر و مرمت کے وقت کیا اخراجات تھے، نیز یہ کہ وہ کتنے عرصے سے زیر استعمال ھے۔ کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا جائے گا اگر:
- آپ نے اس کام کے لئے ہم سے تحریری اجازت نہیں لی تھی
- ہمیں آپ کو بے دخل کرنا پڑا کیونکہ آپ نے کرایہ داری کی شرائط کی پاسداری نہیں کی تھی
- معاوضے کی رقم 50 پونڈ سے کم ھو
- تعمیر و مرمت کا کام یکم اپریل 1994 سے پہلے ہوا تھا
آپ کو کونسل کے شعبہ منصوبہ بندی سے معلوم کرنا چاہیے کہ آیا آپ کو تعمیرات کے لئے سرکاری اجازت اور تعمیراتی قواعد کے مطابق منظوری کی ضرورت ھے۔ ان کے لئے درخواست دائر کرنا آپ کی ذمہ داری ھے۔
